اسٹاک ہوم: سوئیڈن میں حکومت کی امیگریشن پالیسی کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین نے ایک مسجد کو شہید کردیا جس میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق ایسکلس ٹونا ٹاؤن کی رہائشی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر واقع مسجد میں 15 سے 20 افراد ظہر کی نماز ادا کر رہے تھے کہ مسجد میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری مسجد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اس دوران 5 نمازی زخمی ہوگئے جب کہ مسجد کا اندرونی حصہ مکمل طور پر جل گیا۔
پولیس کے مطابق عینی شاہدین نے انہیں بتایا کہ کسی نے باہر سے کوئی چیز مسجد کی کھڑکی سے اندر پھینکی جس کے فوراً بعد مسجد میں آگ بھڑک اٹھی تاہم کچھ ہی دیر میں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں وہاں پہنچ گئی اور آگ پر قابو پا لیا گیا لیکن اس دوران مسجد کا اندرونی حصہ مکمل طور پر جل گیا۔
واضح رہے کہ ایسکلس ٹونا میں سویڈین ڈیموکریٹس کے حامی گزشتہ کئی روزسے حکومت کی امیگریشن پالیسی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ حکومت امیگریشن قوانین کو مزید سخت بناکر تارکین وطن کو ملک آنے سے روکے۔